پاکستان اور روس کے مشاورتی گروپ کا بارہواں اجلاس دونوں ملکوں نے اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کئے جائیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سٹریٹجک استحکام کے بارے میں پاکستان اور روس کے مشاورتی گروپ کا بارہواں اجلاس گزشتہ روز دفتر خارجہ میں ہوا۔ دونوں ملکوں نے اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔ دفتر خارجہ کی سپیشل سیکرٹری تسنیم اسلم نے پاکستانی وفد جبکہ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ دونوں وفود میں تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی تزویراتی منظر نامہ کے حوالے سے مو¿قف میں یکسانیت پائی گئی۔ طرفین نے پاکستان اور روس کے درمیان قریبی روابط اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر تعاون و مشاورت کی سطح اور نوعیت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران دونوں ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون و مفادات پر مبنی مجموعی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان/روس