ہمارے 14 ارکان نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا، چیف جسٹس از خود نوٹس لیں: فاروق ستار
کراچی (نیشن رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے 14 ایم پی ایز کے بکنے کا اعتراف کر لیا۔ نیشن رپورٹ کے مطابق فاروق ستار نے کہا ہمارے 14 ارکان نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 6 ایم پی ایز ایک روز پہلے اور 8 نے گزشتہ روز خود کو بیچا۔ سینٹ الیکشن میں چاروں نشستیں جیت سکتے تھے۔ 14 ایم پی ایز پہلے ہی ایم کیو ایم کو چھوڑ چکے تھے، زیادہ نشستیں نہ جیتنے کی وجہ تنظیمی اختلافات نہیں ٹیکنو کریٹ اور خواتین کی نشست پر جیتنا ممکن نہیں تھا۔ فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ پر چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لیں۔ بہادر آباد والوں سے بھی کہوں گا اس مسئلے پر میرا ساتھ دیں۔ 6 ایم پی ایز کا تو پتہ ہے ان کیخلاف آج ہی تنظیمی کارروائی کا آغاز کریں 12 ووٹوں کی بہت خطرناک مار پڑی۔ ایک سیٹ جیتنے پر جشن منانے کا کام ہی نہیں 12 ایم پی ایز کیسے اتنی آسانی سے وفاداری تبدیل کر کے چلے گئے۔ میں خون کے آنسو رو رہا ہوں۔ آج ہمارا مان توڑا گیا، اس حالت میں عام انتخابات کی کیا تیاری کریں۔ کیا ارباب اختیار الیکشن کمشن ایکشن نہیں لیں گے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم تقسیم ہوئے، دنیا متحد ہوگئی، پیپلز پارٹی نے ہمارے 6 لوگوں کو خرید لیا، ایم کیو ایم پاکستان سینیٹ کی ریس سے باہر نہیں ہوئی، صدمے اور تشویش میں ہیں مگر مایوس نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فاروق ستار، کنور نوید جمیل، خواجہ اظہار الحسن نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ایم کیو ایم کے نتائج پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن سندھ اسمبلی میں آبدیدہ ہوگئے۔