ڈیرن سیمی لاہور قلندرز کے خلاف میچ سے باہر
شارجہ(نمائندہ سپورٹس)پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ڈیرن سیمی انجری کے سبب میچ سے باہر ہو گئے۔ڈیرن سیمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں باؤلنگ کراتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے اور تکلیف کی شدت کے سبب باؤلنگ ادھوری چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔تاہم ٹیم کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے وہ بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے تھے اور صرف چار گیندوں پر 16 رنز بنا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے یقینی فتح چھین لی تھی۔تاہم اب انجری کی وجہ سے وہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ قیادت کے فرائض محمد حفیظ انجام دیں گے۔پشاور زلمی کے ذرائع کے مطابق ڈیرن سیمی کو انجری سے بحالی میں چند دن لگیں گے، وہ اس دوران ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور امید ہے کہ جلد صحتیاب ہو کر میچز کیلئے دستیاب ہوں گے۔