پاکستان سپر لیگ: ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی پیش قدمی جاری
شارجہ(نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کر لی۔شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے تاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کے سوا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکا جنہوں نے 30 رنز بنائے۔ایک موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 12 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ باآسانی 150 رنز بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کے غیر ذمے دارانہ کھیل اور ملتان سلطانز کے باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس کے بعد سہیل تنویز نے لگاتار گیندوں پر محمد نواز اور سرفراز کو چلتا کیا جس کے بعد عمران طاہر نے اگلے ہی اوور میں لگاتار تین گیندوں پر حسان خان، جان ہیسٹنگز اور راحت علی کو آؤٹ کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے کوئٹہ کی بساط 102 رنز پر لپیٹ دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بدترین بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے آخری پانچ وکٹیں صرف ایک رن کے اضافے سے گنوائیں۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو 66 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے لو اسکورنگ میچ میں ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔احمد شہزاد 35 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد حسان خان کی وکٹ بنے لیکن اس کے بعد سلطانز کو ہدف کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور انہوں نے 20 گیندوں قبل ہی نو وکٹوں سے فتح حاصل کر کے ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کر لی۔کمار سنگاکارا 51 اور صہیب مقصود 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔سہیل تنویر 3 وکٹیں لے کر مرد میدان قرار پائے۔دوسری جانب پاکستان سپر لیگ تھری کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 10وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ جیت لیا۔پشاور زلمی کی طرف سے 101رنز کے ہدف کے تعاقب کے لئے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کاآغاز کیااور مقررہ ہدف 14ویں اوور ہی میں حاصل کرلیا۔میچ کے دوران کامران اکمل نے پی ایس ایل تھری میں اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کی ،انہوں نے 2چھکوں اور 7 کو چوں کی مدد سے 57رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دوسرے اینڈ پر موجود تمیم اقبال نے کامران اکمل کا بھرپور ساتھ دیا ،انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 4چوکوں کی مدد سے 37رنز بنائے۔ میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مکلم نے 6بائولرز آزمائے لیکن پشاورزلمی کے اوپنرز نے کسی کی نہ چلنے دی۔لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17اعشاریہ 2اوورز میں فخرزمان 30،عمر اکمل 15، برینڈن مکلم 15رنز کی بدولت10وکٹوں کے نقصان پر ایونٹ کا سب سے لو اسکور 100رنز بنائے۔پشاور زلمی کی طرف سے پہلا میچ کھیل رہے حسن علی اور ڈاسن نے 3،3 وہاب ریاض نے 2 اور ثمین گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈاسن مین آف دی میچ رہے۔ یہ لاہور قلندرز کی مسلسل پانچویں شکست ہے۔