UBL برانچ بڑی عمارت میں منتقل کرنے کی اپیل
مکرمی! برانچ سانگلہ ہل UBL 1990ء سے انتہائی تنگ کرائے کی بلڈنگ میں شفٹ ہو گئی مذکورہ برانچ کی اندرونی گنجائش بہت کم ہے اور اکائونٹ ہولڈروں کی تعداد زیادہ۔ اس کے باعث یہاں مردوں، عورتوں بزرگوں و کاروباری طبقہ کا صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک زبردست رش اور گھڑمس رہتا ہے۔ یہ سلسلہ سوموار تاہفتہ یعنی چھ دن رہتا ہے۔ اتنی گھٹن محسوس ہوتی ہے کہ بیان سے باہر ہے۔ مذکورہ برانچ پہلے ایک وسیع کرائے کی بلڈنگ میں قائم ہوئی تو شہریوں اور کاروباری طبقہ نے بڑی تعداد میں اکاؤنٹ کھلوائے تھے۔ لیکن 1990ء میں مذکورہ برانچ ایک انتہائی تنگ اور چھوٹی عمارت میں شفٹ ہو جانے سے اکاؤنٹ ہولڈرز، بزرگ، عورتیں، کاروباری لوگ رُل گئے۔ آپ کے مؤقر اخبار کی وساطت سے گورنر سٹیٹ بنک سے اپیل ہے کہ مذکورہ پریشان کن صورتحال اور بنک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کی جائز شکایات کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے UBL بنک انتظامیہ کو اپنی برانچ کرائے کی وسیع عریض بلڈنگ میں شفٹ کروانے کی ہدایت کی جائے۔ (عارف حیات…سانگلہ ہل)