غفلت، لاپروائی، کرپشن کرنیوالوں کو معاف نہیں کیا جائیگا: وزیراعظم آزاد کشمیر
میرپور (این این آئی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے 22 ارب کے ترقیاتی بجٹ کودرست اور صحیح سمت میں استعمال کرنے کے لیے محکموں کے سربراہان اور سرکاری ملازمین ملازمین اپنے فرائض اور ذمہ داریاں قانون اور قاعدے کے مطابق سرانجام دیںاور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، دفاتر میں ڈسپلن کو قائم رکھا جائے، ملازمین حکومت کااہم حصہ ہیں، حکومتوں کی کامیابی اور ناکامیوں میں ملازمین کابھی بڑا اہم رول ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ملازمین کی عز ت نفس کا ہرممکن خیال رکھ رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبہ جات کی مانیٹرنگ کا ہرممکن خیال رکھا جائے اور کوالٹی پرکسی قسم کا کمپرومائز نہ کیا جائے۔ ریاستی وسائل کا درست اور صحیح استعمال عمل میں لایا جائے تاکہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ملے۔ سرکاری محکمہ جات اپنے دفاترکے باہر شکایات بکس نصب کریں تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔ جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کے معیار اور رفتار کا خاص خیال رکھا جائے۔ میونسپل کارپوریشن شہرمیں صحت وصفائی کے نظام کومزید بہتربنائے۔ نیوسٹی اور سمال ٹاﺅنز میں واپڈاکے بقیہ کاموں کی تکمیل کے لیے باقاعدہ واپڈاحکا م سے میٹنگ کرکے حل کیے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے ضلعی ترقیاتی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میونسپل کارپوریشن، تعمیرات عامہ بلڈنگ، شاہرات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پی ایم یو، رٹھوعہ ہریام برج، برقیات، جنگلات، لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ، ایم ڈی ایچ اے سمیت دیگر محکموں کے افسران نے ترقیاتی منصوبہ جات کی پراگرس رپورٹس پیش کیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق نے جملہ محکموں کے سربراہان کوہدایات کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے جاریہ منصوبہ جات کی مانیٹرنگ کویقینی بنائیں۔ ترقیاتی منصوبہ جات میں غفلت، لاپروائی اور کرپشن کرنے والوں کوکسی صورت معاف نہیں کیاجائے گا۔ ریاست جموں و کشمیرکے وسائل عوام کی فلاح وبہبود پرخرچ ہونے چاہئیں۔ میرپورمیں پانی، بجلی، صحت و صفائی، ذرائع رسل و رسائل سمیت دیگر جملہ سہولیات کی فراہمی کے لیے سرکاری افسران اپنابنیادی فریضہ سرانجام دیں۔ سرکاری ملازمین کسی کے ذاتی ملازم نہیں وہ ریاست کے ملازم ہیںاوروہ ریاست، حکومت اور عوام کے آگے جواب دے ہیں، کسی بھی ملازم نے غفلت یاکرپشن برتی تواس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ملازمین اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے سرانجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملازمین کی عزت و نفس کا ہر ممکن خیال رکھ رہی ہے۔ ملازمین کو چاہیے کہ وہ مالیاتی ڈسپلن کو فالو کریں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ضلع میرپور میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے دو بڑے پراجیکٹس اپ گریڈیشن پیر گلی پیر کوڈی کالا ڈب روڈ اور پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاﺅس میرپور کے نئے بلاک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اسلام گڑھ کراس میں 50کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے اپ گریڈیشن پیر گلی پیرکوڈی کالا ڈب روڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ فیز ون کے تحت 6.15کلو میٹر روڈ مکمل ہوچکی ہے جس پر 186.844ملین روپے کے اخراجات ہوئے ہیں جبکہ فیز ٹو 10کلو میٹر روڈ کے لیے 260.186ملین کا ورک آرڈر جاری ہوا اس منصوبے پر فزیکل پراگریس 50فیصد مکمل ہوگئی ہے جبکہ جون 2018تک اس منصوبے کو مکمل کرلیا جائیگا۔