لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ پہاڑوں پر برفباری‘ لینڈ سلائیڈنگ
لاہور‘ فیصل آباد‘ مظفرآباد، سرگودھا‘ ساہیوال (نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) فیصل آباد میں صبح سویرے آسمان کو گہرے بادلو ںنے اپنی لپیٹ میں لے لیا ‘ دیکھتے ہی دیکھتے رم جھم شرعوع ہو گئی جبکہ دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تفریحی مقامات پر فیملیز کا رش رہا۔ تفریحی مقامات پر شہریوں نے کہا کہ دلکش موسم میں پتوں کی سرسراہٹ بھی موسیقی کی مانند لگتی ہے۔ موسم اچھا ہو تو گھر میں بیٹھنے کو دل نہیں کرتا۔ساہیوال میں بھی سارا دن وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ نشیبی علاقے زیرآب اور سڑکی کیچڑ سے بھر گئیں۔سرگودھا اور گردونواح میں ہونے والی ہلکی بارش نے موسم کو ایک بار پھر سرد کردیا، آتی گرمی رک گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں قدرے اضافہ ہوتے ہی لوﺅں نے گرم کپڑوں کا استعمال دوبارہ شروع کر دیا ہے۔دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزادکشمیر بھر میں شدید بارش ،پہاڑوں پر برف باری،نظام زندگی بری طرح متاثرہوگیا۔رابطہ سڑکیں بند،ایس ڈی ایم اے نے شہریوں کو پہاڑی علاقوں کی طرف سفر کرنے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور برف باری میں تیزی آگئی۔جگہ جگہ ملبہ اور ریت کے ڈھیر لگ گئے۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی نیلم،وادی جہلم اور کوہالہ روڈ پر سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑر ہاہے۔بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔دارالحکومت مظفرآباد میں شدید بارش کے باعث بازار ،گلیاں تلاب کا منظر پیش کررہی ہے۔دریائے نیلم اور دریائے جہلم میں طغیانی آگئی۔دوسری طرف بارشوں کی وجہ سے عوام نے سکون کا سانس لیا۔ وہاں ان کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔ایک ہفتہ قبل گرم موسم کی وجہ سے لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال بند کردیا تھا حالیہ بارشوں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔آزادکشمیر بھر میں لینڈ سلائیڈنگ سے عوام کو دقت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کئی روز وقفے وفقے سے بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی کی۔سیاحتی مقامات پیر چناسی،سراں،گنگا چوٹی،وادی نیلم،اپر نیلم،شاردہ ،کیل،اڑنگ کیل اور دیگر پر فضا مقامات پر برفباری سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگیا۔سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کررہے ہیں۔تمام مرکزی شاہرات بحال ہیں جن پر ٹریفک رواں داوں ہے۔
بارش/ برف باری