3 ریاستوں کے انتخابی نتائج: میگھالیہ میں کانگرس‘ تریپورہ میں بی جے پی کامیاب
نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کی تین شمال مشرقی ریاستوں میگھالیہ، ناگا لینڈ اور تریپورہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج آگئے۔ میگھالیہ میں 59 سیٹوں کے لیے انتخاب ہوئے تھے جس میں کانگرس سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے لیکن اسے اکثریت نہیں ملی ہے۔ بی جے پی کو محض دو سیٹیں ملی ہیں لیکن وہ دوسری جماعتوں کی مدد سے ریاست میں حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ناگا لینڈ میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں بعض دوسرے ارکان کی مدد سے اپنی حکومت بنا لیں گی۔ لیکن بی جے پی کی سب سے غیر معمولی جیت تریپورہ میں ہوئی ہے۔ بی جے پی ریاست میں دو تہائی اکثریت سے فتحیاب ہوئی ہے۔ بائیں بازو کی جماعتیں بالکل کسی سخت گیر مذہبی مسلک کی طرح ہو چکی ہیں جو اپنے ہی خول میں بند ہیں۔ وہ عوام ، زمینی حقیقتوں اور عصری تقاضوں سے کٹ چکی ہیں۔ بھارت کی سیاست میں ان کی افادیت ختم ہو چکی ہے۔ تریپورہ کی شکست فاش کو بی جے پی کی زبردست جیت سے ہی نہیں انڈیا میں کمیونسٹ سیاست کے خاتمے کے طور پر بھی یاد کیا جائے گا۔