• news

کسی کو مسلک یا مذہب کی بنیاد پر دہشتگردی کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا:مولانا عاصم

لاہور( خصوصی نامہ نگار)کل مسالک علماء بورڈکی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس پیر سیدنوبہار شاہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،اجلاس میں چاروں مکاتب فکر کے جید علماء کرام مولانامحمدعاصم مخدوم ،مفتی سید عاشق حسین ،سید نوبہارشاہ ،مولاناشکیل الرحمن ناصر ،مولاناعبدالرب امجد،علامہ وقار الحسنین نقوی،علامہ اسلم ندیم نقشبندی ،ڈاکٹر بدرمنیرمجددی سیفی،مولانامحمدافضل حیدری،سید ولی اللہ شاہ بخاری ،قاری انعام الرحیم رحیمی، علامہ اصغرچشتی،مفتی فقہتہ اللہ ،مولاناریحان یونس،مولاناقاری راشد محمود،مولاناقاری محمدعثمان، صاحبزادہ احمد بدر ودیگر نے شرکت کی ، کل مسالک علماء بورڈ کے مرکزی رہنما مولانامحمدعاصم مخدوم نے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میںکہاکہ کسی کو بھی مسلک یا مذہب کی بنیاد پر دہشت گردی کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا،تمام مسالک اور تمام مذاہب دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف متحد ہیں ،اور دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف ہر قسم کی جنگ کو ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ کل مسالک علماء بورڈ پنجاب کے تمام ڈویژنل مقامات پر بین المسالک امن کانفرنسزز کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس میں عدلیہ اور فوج کے خلاف تنقید کرنے والی سیاسی جماعتوں کی شدید مذمت کی گئی اور سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کریں ۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ کل مسالک علماء بورڈ کو اسلامی نظریاتی کونسل میں نمائندگی دی جائے ۔

ای پیپر-دی نیشن