عوامی امنگوں کی ترجمانی کی سیاست کرنیوالے ناکام نہیں ہوتے: عرفان اسلام
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وانجمن بہبود مریضاں کے چیئرمین ملک عرفان اسلام نے کہا کہ ویژنری سیاست کامیابیوں کی بنیادوں کو مضبوط بناتی ہے عوام کی توقعات اور امنگوں کی ترجمانی کرنے والے ناکام نہیں بلکہ وہ عوام کی آنکھوں کے تارے بن جاتے ہیں سیاست کو عبادت اور عوامی خدمت کو مشن سمجھ کر شیخوپورہ کی تعمیر وترقی کیلئے دن رات جدوجہد کرنیوالے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف تیسری بار بھی ممبر اسمبلی منتخب ہو کر اسی روش کو برقرار رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ طارق روڈ پر اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک بدرظہیر، چودھری افضل نظامی، چودھری محمد سعید و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ شیخوپورہ کے عوام میاں جاوید لطیف اور چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔