• news

چیف جسٹس سینٹ انتخابات میں کرپشن کا نوٹس لیں: سراج الحق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی کا مینڈیٹ کتنے میں بیچا، ملک میں مارشل لا کا بار بار تجربہ ہو چکا ہے۔ سینٹ الیکشن میں نظریہ ہار گیا، وڈیرے جیت گئے۔ سینٹ الیکشن میں آصف زرداری کی کرامات سامنے آ گئیں۔ دولت جیت گئی، سیاست ہار گئی۔ جماعت اسلامی کے سوا کسی میں حقیقی جمہوریت نہیں۔ سینٹ الیکشن جمہوریت کے نام پر بدنما داغ ہیں۔ الیکشن میں نوٹوں کا استعمال نہ روکا گیا تو جمہوریت پر اعتماد ختم ہو جائے گا۔ پانامہ لیکس میں تمام افراد کا محاسبہ نہیں ہوا۔ نیب نے کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر معاملات حل کئے۔ سپریم کورٹ کو قسمیں کھانے کی ضرورت نہیں۔ پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن اور دولت کی ریل پیل کا نوٹس لیں او رایوان بالا کے انتخابا ت کو شکوک و شبہات سے دور کرنے کے لیے تمام منتخب سینیٹرز سے ایوان میں حلف اٹھانے سے قبل بیان حلفی لیا جائے کہ انہوں نے کامیاب ہونے کے لیے ووٹ خریدا ہے یا نہیں ، جو سینیٹر بیان حلفی دینے کے لیے تیار نہ ہواس کو سینٹ کا حلف نہ اٹھانے دیا جائے۔ جماعت اسلامی اپنے منتخب سینیٹرکو سب سے پہلے پیش کرے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں ووٹ کی بنیاد پر الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ہے ، اغواء برائے تاوان کا کھیل کھیلا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن