فوج بلوچستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں بھرپور تعاون کرے گی: آرمی چیف
کوئٹہ (بیورو رپورٹ + سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جا وید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پا کستان کی ترقی ہے،پا ک فوج بلوچستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کریگی خوشحال بلوچستان پروگرام اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے صوبے میں پسماندگی کے خاتمے اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی بلوچستان کی معاشی ترقی کا سب سے زیادہ فائدہ یہاں کے مقامی لوگوں تک پہنچنا چائیے۔ یہ بات انہوں نے متحدہ عرب امارات اور سوئٹزرلینڈ حکومت کے تعاون سے گوادر میں تعمیر ہونے والے ڈی سیلینائزیشن واٹر فلٹر پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی،منصوبے سے گوادر کی مقامی آبادی کو 44لاکھ گیلن پانی ہر روز فراہم کیا جائے گا جبکہ منصوبے سے 88لاکھ گیلن پانی ہر روز فراہم کیا جاسکتا ہے ،ڈی سیلینائزیشن پلانٹ چھ سے آٹھ ما ہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا اور اس سے گوادر میں پانی کی قلت کو دور کیا جاسکے گا ساتھ ہی مقامی لو گوں کو دور دراز علاقوں سے پانی لانے کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن اور ترقی کے حصول کے لئے سول حکومت اور پاک فوج ملکر کر کام کر رہے ہیںخوشحال بلوچستا ن منصوبے سے صوبے کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان خطے کا اقتصادی حب بننے جا رہا ہے اور اس کی اہمیت اسی وقت ہوگی جب بلوچستان کے لوگوں کو سب سے زیادہ ان ترقیاتی منصوبوں سے فائدہ حاصل ہوگا ،اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، متحدہ امارات کے پاکستان میں سفیر ،ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنا ئزیشن اور قبائلی عمائدین و لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جا وید باجوہ نے بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے منعقدہ مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ دو روزہ دورے پر بلوچستان ہیں۔