• news

ٹی 20 فارمیتٹ کی بہتات سے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہے ہیں: انضمام الحق

دبئی (حافظ محمد عمران) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرف زیادہ رجحان سے ہر طرح کی کرکٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس رجحان سے صرف بلے باز ہی نہیں باولرز بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ پلیئرز کو چاہئے کہ وہ پچاس اوورز اور چار روزہ کرکٹ کو بھی اہمیت دیں اور ہر فارمیٹ کھیلیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ ضرور کھیلیں اور انہیں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کریں۔ دنیا بھر میں ٹونٹی ٹونٹی لیگز ہو رہی ہیں مجھے ایک روزہ کرکٹ لیگ کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے ہمیں بہت فائدہ ہو رہا ہے۔ نوجوان کرکٹرز کو دنیا کے نامور پلیئرز کیساتھ کھیلنے، ڈریسنگ روم شیئر کرنے انکی میچ کی تیاری سمجھنے، بہتر فٹنس کے لیے کام کرنے کے انداز کو سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ پی ایس ایل کے آغاز سے ایک خلا تھا جو پورا ہوا ہے۔ انڈر نائینٹین کی سطح پر ہمیں مکمل ہوم ورک کر کے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مناسب وقت کے لیے اچھی ٹیم انتظامیہ کی تعیناتی نہایت ضروری ہے۔ بھارت کے راہول ڈریوڈ کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی کئی ٹیموں میں ہمارے عظیم کرکٹرز مختلف ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں ظہیر عباس، یونس خان، مصباح الحق، سعید اجمل اور شعیب اختر کے تجربے سے یقیناً ہمارے پلیئرز کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پی سی بی نے مرحلہ وار اچھے اقدامات اٹھائے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن