• news

پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل کیلئے کچھ نہیں کر رہی: منظور جونیئر

دبئی (حافظ محمد عمران) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان اولمپیئن منظور جونیئر کا کہنا ہے کہ کم از کم دو سال تک قومی ٹیم کو کسی غیر ملکی دورے پر نہ بھیجا جائے، جو فنڈز ادھر ادھر خرچ کیے جا رہے ہیں ان پیسوں سے ملکی سطح پر ہاکی کو منظم کیا جائے۔ سارا سال اچھے ایونٹس کا انعقاد کروایا جائے۔ تمام توجہ ملکی سطح کی ہاکی پر دیکر کھلاڑیوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ موجودہ پلیئرز میں اتنا دم خم نہیں ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ حالیہ دنوں کے نتائج اسکا واضح ثبوت ہیں۔کیا ابھی وقت نہیں آیا کہ سب ذاتی اختلافات کو بھلا کر قومی کھیل کے لیے ایک ہو جائیں، ہم کب تک ہاکی کے نام پر دیگر کام کرتے رہیں گے۔ کیا ابھی وقت نہیں آیا کہ حقیقی معنوں کھیل دوست فیصلے کیے جائیں۔ جب تک اصل مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی اور خالصتا ہاکی کے لیے کام نہیں ہو گا بہتری نہیں آ سکتی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ نے کھیل کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا ہے۔ رنگ روغن، فیسٹیول میچز اور ہال آف فیم جیسے اقدامات سے ہماری ہاکی کو کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔ ابھی جو ہال آف فیم ہوا ہے یہ ہال آف فیم ہے یا ڈی فیم۔ ہم نے دنیائے ہاکی کے بدلتے ہوئے تقاضوں اور ضروریات کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن