• news

تعلیمی نصاب میں تفریق معاشرے میں تقسیم کا باعث‘ ایک نصاب ہونا چاہئے: ثمینہ پیرزادہ

لاہور( این این آئی) سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے کہا ہے کہ ہم جتنے مرضی میگا پراجیکٹس تعمیر کر لیں لیکن تعلیم کے شعبے میں آگے بڑھے بغیر حقیقی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،تعلیمی نصاب میں تفریق معاشرے میں تقسیم کا باعث بن رہی ہے جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے دنیا کے ترقی یافتہ اور مہذب معاشروں کی فہرست میں شامل ہونا ہے تو تعلیم کے شعبے میں قومی پالیسی تشکیل دے کر ایمر جنسی کا نفاذ کیا جائے ۔ ہمیں اپنے بچوں کو جدید تعلیم سے بھی آراستہ کرناہے تاکہ ان کا اور ملک کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔ انہوںنے کہا معاشرے میں جو رجحانات پیدا ہو رہے ہیں وہ انتہائی خطرناک ہیں ۔ ہمیں ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے غریب اور امیر کے درمیان فرق ختم ہو سکے ۔ تعلیمی نصاب میں تفریق بھی معاشرے میں تقسیم کا باعث بن رہی ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ تعلیم کے میدان میں یونیفارم پالیسی لائی جائے اور تمام تعلیمی اداروں میں ایک ہی طرح کا نصاب پڑھایا جائے ۔ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ ایک پڑھی لکھی ماں پورے خاندان کو سنوار دیتی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن