’’خادم اعلیٰ ‘‘ پراجیکٹس کے علاوہ ایک اچھی روایت کی بنیاد بھی رکھ دیں!
مکرمی ! وطن عزیز سے حکومت سندھ کے حوالے سے گذشتہ ہفتے انتہائی اچھی خبر آئی ہے کہ کراچی کے بعد اب سکھر میں پاکستان میں امراض قلب کے800 بستروں پر مشتمل دوسرے سب سے بڑے جدید ترین ہسپتالNICVD کی تکمیل کے بعد افتتاح اور کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ کہ امراض قلب کے حوالے سے مہنگے ترین سمجھے جانے والے جملہ ٹیسٹوں اور علاج معالجے کی سہولیات مریضوں کو100 فیصد بلا معاوضہ فراہم ہوں گی یہ ایک بہترین پراجیکٹ ہے جس کی بھرپور تحسین ہونا چاہئے۔ جبکہ صوبہ پنجاب میں شہباز شریف کی قیادت میں کاموں میں عمدہ کارکردگی دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید رہی ہے۔ جس کا اعتراف اندرون اور بیرون ملک بالعموم کیا جا رہا ہے تاہم تحسین میں بخل سے کام لینے والے مہربانوں کی تعداد بھی کم نہیں بد قسمتی کہ ایک دوسرے کی کارکردگی کو سراہنے کا چلن ہمارے قومی مزاج کا حصہ ملکی تاریخ میں کبھی بن نہ پایا ہے اور آج شاید اسی باعث قومی یکجہتی کی صورتحال دگرگوں اور باہمی تلخیاں عروج پر ہیں جبکہ ہر دو جانب سے خیر سگالی اور وسیع القلبی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے جس سے یقیناً قومی یکجہتی کی کوششوں کو فروغ ملے گا۔ (ندیم اصغر ۔ لندن ، برطانیہ)