قلات: بم دھماکہ، ایف سی اہلکار شہید، 6 زخمی: چمن، سی ٹی ڈی کی کارروائی 4 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ+ حویلیاں (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+نامہ نگار) پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشتگردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق قلات کی سب تحصیل جوہان میں ایف سی کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکہ کے نتیجے میں ایک اہلکارشہید، چھ زخمی ہو گئے۔ قلات لیویز کے مطابق قلات سے اسی کلومیٹر دورعلاقے پشک میں ایف سی کی گاڑی گشت کررہی تھی سڑک کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکہ کے نتیجے میں ایف سی کا ڈرائیور لقمان شہیدجبکہ چھ اہلکار اشرف، صوبیدار نعمان، سپاہی محمد اسلم ،سپاہی شفیع ،خیراللہ اور اختر جمیل زخمی ہو گئے زخمیوں کو بیسک ہیلتھ یونٹ منگچر میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔ حویلیاں سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول گڑھی پھلگراں کی دیوار کے ساتھ نصب دیسی ساختہ بم برآمد کرکے ناکارہ بنا کر علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا پولیس کو گزشتہ رات اطلاع ملی ایک مشکوک شاپنگ بیگ گورنمنٹ گرلز سکول کی دیوار کے ساتھ پڑا ہے تھانہ حویلیاں کی بھاری نفری اوربم ڈسپوزل سکواڈ نے بم قبضے میں لیکر ناکارہ بنا دیا اور اس طرح پولیس نے علاقہ کو خوفناک تباہی سے بچا لیا۔