• news

الیکشن کمشن : متحدہ کے منحرف ارکان سے آئندہ پیشی پر جواب طلب، سینٹ انتخابات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے : فاروق ستار

اسلام آباد ( آئی این پی ) الیکشن کمشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف ارکان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت 15مارچ تک ملتوی کر دی جبکہ ایم کیو ایم کے منحرف رہنمائوں سے آئندہ سماعت پر جواب بھی طلب کر لیا ۔پیر الیکشن کمشن میں ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف ارکان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف ارکان کے وکیل عبد الحفیظ پیش ہوئے جبکہ ارم عظیم فاروقی بھی الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئیں ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج جواب جمع ہونے تھے، وکیل عبد الحفیظ نے کہا کہ ہمیں ابھی تک پٹیشن کی کاپی نہیں ملی جس پر چیف الیکشن کمشن نے ہدایت کی کہ ان کو کاپی فراہم کی جائے، الیکشن کمشن نے ایم کیو ایم کے منحرف رہنمائوں سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15مارچ تک ملتوی کردی جبکہ ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت بھی15مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ دوسری طرف ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن کو الیکشن کمشن اور سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے کہ جس میں پیپلز پارٹی نے پیسے کا استعمال کیا۔ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی گئی۔ ہمارے 15 سے زائد ایم پی ایز کو ڈرایا گیا۔ سینٹ انتخابات مکمل طور پر جانبدارانہ تھے۔ سندھ کو بھی بلوچستان بنایا گیا۔ سینٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی کی بولیاں لگائی گئیں۔ ایف آئی اے اور نیب کو بھی تحقیقات کرنی چاہئے۔ بہادر آباد کے ساتھیوں کو سینٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا کہا تھا۔ میرے اور عامر خان میں سے ایک ہی شخص پارٹی چلا سکتا تھا۔ بہادر آباد والوں نے گزشتہ روز ملاقات کیلئے آنا تھا لیکن نہیں آئے۔ ایم کیو ایم کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن