• news

شہباز شریف کا عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ، عدالتی دائر اختیار پر بحث کے لئے فریقین کے وکلاء طلب

لاہور (اپنے نامہ نگار سے )لاہور کی ماتحت عدالت میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت ہوئی۔سیشن عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف عمران خان کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کیلئے طلب کر لیا۔لاہور کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شبانہ رسالت عباسی نے ہرجانہ کیس کی سماعت کی،عمران خان کے وکیل بابر اعوان اسلام آباد میں مصروفیت کی بناء پر عدالت پیش نہ ہوئے،بابر اعوان کے جونیئر وکلاء ساجد منور قریشی کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق اعتراض کیا گیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے متعلق بات کی تھی لاہور کی عدالت کو ہرجانہ کیس کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں،جس پرعدالت نے فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق بحث کیلئے طلب کر لیا،شہباز شریف کی جانب سے ہرجانہ کے دعویٰ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے پانامہ پیپرز کے معاملے پرعوام کو گمراہ کیا اور شہباز شریف پر الزام عائد کیا کہ۔ انہوں نے عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش کی،عمران خان نے الزام عائد کر کے قوم کو گمراہ کیا، سیاسی مفادات کیلئے شہباز شریف کی کردار کشی کی۔عدالت عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کی ڈگری جاری کرے۔

ای پیپر-دی نیشن