پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بیٹنگ ٹیلنٹ نے مایوس کیا چیف سلیکٹر اظہر خان
لاہور(نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر و چیف سلیکٹر اظہر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بیٹنگ ٹیلنٹ نے مایوس کیا ہے۔ کم رنز ہونے کی وجہ غیر معیاری پچز نہیں ہیں بلکہ بلے بازوں کی تیز کھیلنے کی صلاحیت میں کمی ہے۔ گراونڈ میں ہر طرف شاٹس کھیلنے کی اہلیت رکھنے والے بیٹسمینوں نے تیزی سے رنز کر کے اس تاثر کو غلط ثابت کیا ہے کہ دبئی اور شارجہ کی وکٹیں بلے بازوں کے لیے سازگار نہیں ہیں۔ جس بلے باز کے پاس شاٹس کی کمی ہو گی اس کے لیے تیزی سے رنز بنانا اور مستقل مزاجی سے سکور کرنا مشکل ہو گا۔ پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں میں محدود شاٹس والے بیٹسمین زیادہ نظر آتے ہیں۔ ہمارے نوجوان اور تجربہ کار بلے باز بھی اب تک غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ لاہور قلندرز کی پرفارمنس بہت خراب رہی ہے۔ انکے ٹیم کامبی نیشن میں خرابیاں واضح نظر آ رہی ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے سب سے بڑی کشش مالی فائدہ ہوتا ہے اور وہ اپنا کنٹریکٹ پورا کرنے کے بعد اگلی لیگ میں مصروف ہو جاتے ہیں۔