احتساب عدالت کوئٹہ نے جعلی ہائوسنگ سکیم کیس کے مرکزی ملزم محسن علی کو 5 سال قید‘ 92 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) احتساب عدالت کوئٹہ نے نیب بلوچستان کے ریفرنس میں جعلی ہائوسنگ سکیم بنا کر لوگوں کو لوٹنے والے جعلساز سید محسن علی کو پانچ سال قید اور 92 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ چند روز قبل شریک ملزم روحی محمد اچکزئی کو بھی 3 سال قید اور 9 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی گئی تھی۔ عدم ادائیگی کی صورت میں مزید سزا کاٹنی پڑے گی۔ ملزم سید محسن علی نے کوئٹہ کے علاقے بروری میں گلشن حسن ہائوسنگ سکیم اور بلیلی کے علاقے میں پائن ٹائون کے نام سے ہائوسنگ سکیمز شروع کیں جس میں عوام سے پلاٹوں کی مد میں رقومات وصول کی گئیں جبکہ قبضہ کسی کو نہیں دیا گیا۔ متاثرین نے اس ضمن میں قومی احتساب بیورو بلوچستان سے رجوع کیا تو نیب نے ملزم کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج مجید ناصر نے نیب پراسیکیوٹر راشد گولہ اور نیب کی تحقیقاتی ٹیم کی روشنی میں گلشن حسن ہائوسنگ سکیم میں ملزم سید محسن علی کو پانچ سال سزا اور 92 لاکھ روپے کے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ واضح رہے احتساب عدالت کے جج مجید ناصر نے چند روز قبل پائن ہائوسنگ سکیم میں بھی فیصلہ سناتے ہوئے ملزم سید محسن علی کو پانچ سال سزا اور ستاسی لاکھ سڑسٹھ ہزار سات سو ترپن روپے کے جرمانے کی سزا سنائی۔