حکومتی اقدامات سے ملکی ترقی کی شرح 5.3 فیصد تک پہنچ گئی: صدر ممنون حسین
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملکی اور غیرملکی کاروبار کو تحفظ دینے کے لئے پاکستان میں بہترین قانون سازی ہوئی اس لئے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش ملک بن گیا ہے۔ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملکی ترقی کی شرح پانچ اعشاریہ تین فیصد تک پہنچ گئی جس سے پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ممنون حسین نے سفارت کاروں کے اعزاز میں راولپنڈی چیمبرز آف کامرس کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ ہماری کامیابیوں کا راز دوست پالیسیوں کو اپنانا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابی ہے۔ صدر نے کہا کہ خطے میں ہونے والی جنگوں اور خون ریزی سے پاکستان کو بھاری مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستان نے سفارتی عسکری اقدامات سے صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے بے پناہ جدوجہد کی۔ صدر نے کہا کہ صنعتی شعبہ میں ترقی کے ساتھ پاکستان میں لوڈشیڈنگ بھی ختم ہوئی۔ رواں سال کے دوران ہماری برآمدات میں گیارہ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ حکومت نے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لئے دوطرفہ اور کثیر الملکی معاہدے کئے۔ ان معاہدوں کے باعث ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تجارت بھی میسر ہو گی۔ جی ایس پی پلس کے ذریعہ یورپی یونین کی منڈیوں تک رسائی بھی حاصل ہو گی۔ عشائیہ میں چیمبرز آف کامرس کے اعلیٰ عہدیداروں‘ سفارت کاروں اور دوسری شخصیات نے شرکت کی۔