جمہوریت‘ عدلیہ اور فوج کے خلاف سازشیں کرنے والوں کا سیاسی جنازہ جلد نکلے گا: شیخ رشید
اسلام آباد (وقائع نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو لوگ جمہوریت عدلیہ اور فوج کیخلاف سازش کر رہے ہیں ان کی سیاست کا جنازہ جلد نکلے گا، آج کے دور میں صرف پیسہ بول رہا ہے، پیسہ جمہوریت ہے پیسہ سیاست ہے۔ شیخ رشید نے کہا چیئرمین سینٹ مسلم لیگ (ن) کا ہو یا پیپلزپارٹی کا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا چیئر مین سینٹ سے زیادہ اہم آئندہ کے جنرل الیکشن ہیں، لوگوں کی نظریں اس پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سینٹ الیکشن پر کیا عرض کروں۔ جس اسمبلی میں پیپلز پار ٹی کے 7 ممبرز ہیں وہاں انکو تیسری سیٹ ملنے کا بھی امکان ہے۔ پیسہ سب کا مائی باپ ہے‘ لوٹ کے مال پر لوگ دندناتے پھر رہے ہیں۔ ججز کو نشانہ بنایا جا رہا اور فوج کو نہیں، یہ ایک سٹریٹجی ہے۔ 30 مارچ کا کہتا آ رہا ہوں کچھ دن اوپر نیچے کر لیں یہ خود گندے ہوں گے۔