• news

سینٹ الیکشن میں بلوچستان کی پوری اسمبلی بکی: شیخ رشید

اسلام آباد(صباح نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوامیں 5 ،5 کروڑ میں ووٹ بکا جبکہ بلوچستان کی پوری اسمبلی بک گئی، وہ لوگ یہ کام کرتے ہیں جن کے پاس منی لانڈرنگ کا پیسہ ہے ، جو امیدوار سزا یافتہ ہیں وہ بھی اپنا ریکارڈ بتائیں، دوہری شہریت پر سپریم کورٹ نے اچھا نوٹس لیا، چار سینیٹرز دوہری شہریت والے نکلے،ہمارے پاس اطلاعات ہیں چار مزید سینیٹرز دوہری شہریت رکھتے ہیں،شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف اچھا کھیلتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہو گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہماری درخواست ہے حلف سے پہلے کم از کم 4 شقوں کا بیان حلفی لیا جائے ، الیکشن کمیشن کو بھی پتا ہے سینیٹ الیکشن کا فارم ٹھیک نہیں بنا۔ ملک کے چور اور ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں ، نواز شریف، شہباز شریف کو سامنے لائے ہیں تاکہ وہ وکٹ کے دونوں اطراف کھیل سکیں ، شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف سے کھیلتے ہیں اور انہیں اس طرح کے کھیل میں تجربہ بھی بہت ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔لگتا ہے الیکشن کی حلقہ بندیاں بھی چیلنج ہوں گی۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ سینیٹ کے منتخب ہونے والے ارکان بتائیں کہ ان کے بیرون ممالک کتنے اثاثے ہیں ، یہاں ایسے امیدوار ہیں جو منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں پیسہ چلا، خیبر پختونخوا میں ایک ووٹ کے پانچ کروڑ روپے کی بولی لگی جبکہ بلوچستان کی پوری اسمبلی بک گئی۔

ای پیپر-دی نیشن