قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار اہم‘ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری کریں: صدرممنون
اسلام آباد(این این آئی)صدرِ مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور طلبا کا قومی ترقی میں کردار انتہائی اہم ہے اور وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری کریں، اس لیے ضروری ہے کہ وہ جدید دنیا اور نئے سماجی ، سیاسی اور معاشی رجحانات کو سمجھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صدرِنے کہا کہ قومی ترقی کا حصول صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب طلباء اور نوجوان نسل اخلاص کے ساتھ اس مقصد کے لیے خود کو وقف کر دیں۔ انہوں نے سائنس کی تعلیم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس دور کی اہم ضرورت ہے کیونکہ آنے والا وقت سائنسی ترقی اور ایجادات کا ہی دور ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ سوشل سائنسز کے مضامین پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ اپنی تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی حفاظت ، خصوصاً شعر و ادب کی ترویج بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ صدرِ مملکت نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں نئے امکانات جنم لے رہے ہیں۔ ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بچوں کو ابھی سے تیاری شروع کر دینی چاہیے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کیڈٹ کالج حسن ابدال علمی و عملی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہا ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ طلباء کو مثبت سرگرمیوں سے عملی زندگی کے تقاضوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔