• news

پاکستان ، بھارت خواتین اور بزرگ قیدیوں کا تبادلہ کرینگے

سرینگر +اسلام آباد (آن لائن+سٹاف رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فلیگ میٹنگ کے دوران جنگ بندی معاہدے پر من وعن عمل کرنے پر اتفاق رائے طے پا گیا‘ دونوں ممالک کے درمیان فوجی افسروں کے درمیان میٹنگ میں سرحدوں کو خاموش رکھنے اور امن قائم رکھنے کے معاملات زیر بحث لائے گئے اور اس بات کا ارادہ ظاہر کیا گیا کہ جنگ بندی معاہدے پر ہر حال میں عمل کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایک اور فلیگ میٹنگ بھی ہوگی۔ بھارتی وفد کی قیادت بی ایس ایف کے 73اور 80 بٹالین کے کمانڈنگ افسروں انیل کمار، انیل ورما نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت 80 چناب رینجرز کے لیفٹیننٹ کرنل عصمت علی نے کی۔ پاکستان اور بھارت نے ایک اہم سفارتی پیشرفت کرتے ہوئے ایک دسرے کی جیلوں میں قید افراد کے حوالہ سے مشترکہ عدالتی کمیٹی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ دونوں ممالک خواتین، ذہنی بیمار یا خصوصی ضروریات اور 70سال سے زائد عمر کے قیدیوں کا تبادلہ کریں گے، دونوں ملکوں کے طبی ماہرین کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ہاں قید ذہنی مریضوں کی وطن واپسی کے لئے ان سے ملیں گی اور ان کی صحت کا جائزہ لیں گی ۔ دفتر خارجہکے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے تمام ستیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد دونوں ممالک میں قید شہریوںکے حوالے سے بھارت سے ملنے والی ان انسانی بنیادوں پر دی گئی تجاویز کی منظوری دے دی ہے ۔پاکستان نے انسانی بنیادوں پر دو اضافی تجاویز بھی دی ہیں جن میں ساٹھ سال سے اوپر تمام قیدیوں کی رہائی اور اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کی رہائی کی شامل ہیں۔وزیرخارجہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بھارت بھی پاکستانی تجاویز پر مثبت جواب اسی طرح سے دے گا ۔پاکستان اور بھارت جامع مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے اور لائن آف کنٹرول و ورکنگ باونڈری پر صورتحال اور موجودہ بہت زیادہ بگڑے ہوئے ماحول میں بہتری لانے کے لئے شعوری کوشش کوشش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن