• news

ہماری کارکردگی اور دھرنا گروپ کی جھوٹی سیاست عوام کے سامنے ہے : شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے خلوص نیت سے عوام کی خدمت کو اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ہے اور ہمارا دور پاکستان کی تاریخ کا شفاف اور بہترین دور ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار، تیز رفتاری اور شفافیت کیساتھ مکمل کرکے اہم سنگ میل عبور کئے ہیں۔ شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے اور پرامن، روشن، محفوظ اور مضبوط پاکستان مسلم لیگ (ن) کا تاریخی کارنامہ ہے۔ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف کی فراہمی ہے۔ متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا گیا اور زبانی جمع خرچ کرکے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکہ دیا گیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو مقدم رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے لودھراں کے ضمنی الیکشن میں شاندار فتح حاصل کی ہے۔ ہم نے عوام کی خدمت کیلئے عملی طور پر ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور ان کے جھوٹ کی سیاست بھی عوام کے سامنے ہے۔ دھرنا دینے والوں نے بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اور قوم کا قیمتی وقت ضائع کرکے بہت ظلم کیا ہے۔ جھوٹ اور بہتان طرازی کی منفی سیاست کے علمبردار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔جھوٹے عناصر نے ہمیشہ عوام کی تکالیف اور مسائل بڑھانے کی کوشش کی ہے۔باشعور عوام جانتے ہیں کہ پونے پانچ برس کے دوران کس نے ان کی بے لوث خدمت کی ہے اور کس نے دھرنے دے کر وقت ضائع کیا ہے۔ دھرنے دینے والوں نے اپنے صوبے میں بھی ڈلیور نہیں کیا اوریہ عناصر اب اپنے صوبے کے عوام کا بھی سامنا نہیں کر سکتے کیونکہ کے پی کے کے عوام بھی نا م نہاد تبدیلی کے کھوکھلے دعوؤں سے عاجز آچکے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔شہباز شریف نے گردوں کے امراض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کے منانے کا مقصد عوام میں گردوں کے امراض سے بچائو، علاج اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن