• news

خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ ، اسحاق ڈار کیخلاف مبینہ غیر قانونی تقرریوں کی شکایت ، چیئرمین نیب نے جانچ پڑتال کا حکم دیدیا

کوئٹہ+ اسلام آباد (نامہ نگار+سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو بلوچستان نے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے نیب کو مطلوب کرپٹ عناصر کا ناطقہ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے مفرور ملزموں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے۔ نیب کی انٹیلی جنس ٹیم نے حساس اداروں سمیت تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے مفرور ملزموں کی لسٹ اعلیٰ افسروں کے حوالے کردی۔ ڈی جی نیب بلوچستان نے کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کے وژن کی روشنی میں کرپشن سے متعلق شکایات کی جانچ پڑتال سے لیکر ریفرنس دائر کرنے کے ٹائم فریم کی مکمل پابندی کے ساتھ ساتھ مفرور ملزموں کی گرفتاری کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا، خواجہ آصف کا موقف معلوم کرنے کے بعد قانون کے مطابق حتمی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے ملتان ۔ سکھر موٹروے کے ٹھیکہ میں مبینہ طورپر اربوں روپے کی بے ضابطگیوں اور مبینہ بدعنوانی کی شکایت کی جانچ پڑتال‘ گوجرانوالہ سے پنجاب اسمبلی کے رکن اسمبلی سہیل ظفر کے خلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایت کی جانچ پڑتال اور سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار اور عثمان سیف اللہ خان ممبر پالیسی بورڈ ایس ای سی پی کے خلاف مبینہ طور پر ایس ای سی پی میں غیر قانونی تقرریوں کی بنیاد پر شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو کہ حتمی نہیں۔ ادھر نیب لاہور کے مطابق رواں سال 67 افسروں و ملازمین سمیت 171 افراد کو گرفتار کیا گیا، ایک سال کے دوران 6 ہزار 203 شکایات کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ سوا سال میں ملزموں سے 2 ارب 50 کروڑ روپے ریکور کئے، مختلف محکموں اور دیگر ایجنسیز 1313 کیسز منتقل کئے ہیں ۔نیب راولپنڈی نے حصص میں ہیرا پھیری اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر بینک آف پنجاب کے افسروں کے خلاف بھی انکوائری شروع کردی ہے۔ جبکہ مضاربہ کیس میں بدعنوانی میں ملوث مفرور عبدالحمید کو گرفتار کرلیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن