سینٹ الیکشن‘ ثابت ہو گیا نظام کرپشن اور ضمیر فروشی کی بنیادوں پر کھڑا ہے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن سے ثابت ہو گیا کہ یہ نظام کرپشن، خرید و فروخت اور ضمیر فروشی کی بنیادوں پر کھڑا ہے، موجودہ نظام کے بارے میں جو باتیں 2012 ء میں کی تھیں وہی موقف آج ہر زبان پر ہے، بات اصلاحات اور ترامیم سے آگے نکل چکی ’’اینٹی بائیوٹک‘‘ یا ’’پین کلر‘‘ سے نہیں اس کینسر زدہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے بڑی سرجری کی ضرورت ہے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے انہیں یہی نظام اور جمہوریت چاہئے یا وہ کوئی تبدیلی چاہتے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کے وکلاء رہنمائوں کے ایک اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دسمبر 2012 ء اور جنوری 2013 ء میں اس نظام کا گھنائونا چہرہ پوری تفصیل کے ساتھ قوم اور اداروںکے سامنے رکھا تھا، اس وقت نظام انتخاب کی اصلاح کیلئے لانگ مارچ بھی کیا اور پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ میں بھی گئے ،قانونی چارہ جوئی بھی کی مگر اس وقت ہماری بات نہ سنی گئی اور نتیجہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے کہا کہ 5 سال قبل جب اس نظام کے خلاف احتجاج کررہے تھے تو ہم پر تنقید کی گئی اور منفی پروپیگنڈا کیا گیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نظام کو چلنے نہیں دے رہے اور آج اسی نظام کیخلاف کروڑوں کی خرید و فروخت اور ضمیر فروشی پر سب نوحہ کناں ہیں۔