• news

جرم کے وقت نابالغ سزائے موت کے قیدی کو رعایت‘ ہوم ڈیپارٹمنٹ 2ہفتے میں کارروائی مکمل کرے: ہائیکورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو سزائے موت کے قیدی محمداقبال کو جرم کے وقت نابالغ ہونے کی وجہ سے ملنے والی رعایت پر کارروائی دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈویژن بنچ نے محمد اقبال کی درخواست پر سماعت کی۔ملزم کے وکیل نے بتایا کہ ملزم محمد اقبال کو سترہ سال کی عمر میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔محمد اقبال کا نام ان قیدیوں کی فہرست میں شامل تھا جنہیں جوینائل جسٹس سسٹم آرڈیننس کے اجراء کے بعد رعایت ملنا تھی۔ نوٹیفیکیشن 2001 میں جاری کیا گیا تھا اور اس کا مقصد ایسے نابالغ مجرموں کی سزائے موت ختم کرنا تھا محمد اقبال کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نابالغ تسلیم کیا تھا،ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی محمد اقبال کو نابالغ ہی تسلیم کیا گیا تھا۔محمد اقبال گزشتہ بیس برس سے سزائے موت کا قیدی ہے۔محمد اقبال کو 1999 میں گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ہونے والی ہلاکت کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن