پی ٹی آئی فنڈنگ کیس، الیکشن کمشن 12 مارچ کو فیصلہ سنا ئے گا
اسلام آباد(اے این این )الیکشن کمشن تحریک انصاف غیر ملکی فنڈنگ کیس پر 12 مارچ کو فیصلہ سنائے گا۔ چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ ہمارے ممبران سینٹ انتخابات میں دوسرے صوبوں میں تھے، تمام ممبران کی آپس میں مشاورت نہیں ہوسکی ، 12 مارچ کو فیصلہ سنائیں گے۔تحریک انصاف کے سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرا دی ہیں، پر امید ہیں کہ 12 مارچ کو حق اور سچ کی فتح ہو گی۔درخواست گزار اکبر ایس بابر کا کہنا تھا الیکشن کمشن مزید کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔ تحریک انصاف پچھلے کئی برسوں سے حکم امتناع کے پیچھے چھپ کر احتساب اور انصاف سے بھاگ رہی ہے۔ تمام ثبوت بھی الیکشن کمیشن میں پیش کیے ہیں ، تحریک انصاف کو اربوں روپے کی غیرملکی فنڈنگ ہوئی ہے۔