• news

نیب کے ریفرنس پر ریفرنس آرہے ہیںکچھ بھی نہیں ملے گا: مریم اورنگزیب

راولپنڈی/ اسلام آباد (اے پی پی/ نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات‘ نشریات‘ قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے آج کی تاریخ تک ہمارے قائد محمد نواز شریف کے خلاف ایک پائی یا ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی‘ نیب کے ریفرنس پر ریفرنس آرہے ہیں لیکن ان ریفرنسز میں بھی انھیں کچھ نہیں ملے گا‘ محمد نواز شریف کی حق و سچ کی جنگ کے بعد اب اللہ کے فضل و کرم سے منتخب وزیراعظم کے ساتھ ایسا نہیں ہوگا جو پہلے 17وزرائے اعظم کے ساتھ ہوا ‘ ہمارے قائد محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے ‘ ہمارا مقابلہ سیاست میں اس شخص کے ساتھ ہے جو دھرنے کی سیاست‘ پگڑی اچھالنے کی سیاست اورگالی کی سیاست کرتے ہیں۔ وہ راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا آج کا کنونشن 11مارچ کے سوشل میڈیا کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ایم این اے ملک ابرار احمداور انکی ٹیم کی ایک کاوش ہے ‘11مارچ کو راولپنڈی میں مریم نواز کا ایسا اسقبال ہوگا کہ پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ دریں اثناء اسلام آباد چیمبر میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا پچاس فیصد ہیں اور ان کو بہتر مواقع فراہم کئے بغیر معاشرہ بہتر ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے صرف ایک دن مخصوص کرنے کی بجائے ہمیں ہر روز خواتین کی ترقی ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خواتین کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے نئے قوانین بنائے گئے ہیں تاکہ خواتین بہتر تحفظ کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ خواتین و بچوں پر سیاست کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ رجحان معاشرے کیلئے بہتر نہیں ہے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ کوئی بھی ملک خواتین کی ترقی کے بغیر بہتر اقتصادی ترقی حاصل نہیں کر سکتا لہذا خواتین کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ وہ ملک کی ترقی میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن