• news

نیازی صاحب نے جو بویا الیکشن میں کاٹنا پڑے گا ،دن رات جھوٹ سے اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا:شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو روشن اور خوشحال بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ خود مختار اورخوشحال پاکستان کی منزل کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جارہی۔ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ملک کی ترقی کے ایجنڈا کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کے معیاری زندگی میں بہتری لانے کیلئے ایسے انقلابی اقدامات کیے ہیں جن کی ملک کی 70سالہ تاریخ میںمثال نہیں ملتی۔ میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے۔ تعلیم، صحت، زراعت اورسماجی شعبوں کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں۔ شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایاگیاہے۔ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کا کلچر متعارف کرایاہے۔عوام کی ایک ایک پائی کے منصفانہ استعمال کویقینی بنایا گیا ہے۔ توانائی اور دیگر منصوبوںکو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا گیا ہے اور اللہ کے کرم سے پنجاب آج ترقی کے سفر میں سر فہرست ہے۔ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کے سر ہے۔ ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کہا، اس پر عمل کر کے دکھایاہے۔ نیازی صاحب، تبدیلی جھوٹ سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے شب و روز کاوشوں سے آتی ہے۔تبدیلی کے دعویدار عوام کی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں۔نیازی اینڈ پارٹی نے 5سال میں جھوٹ ، یو ٹرن اور منفی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا۔نیازی صاحب خیبر پی کے کا جو حال آپ نے کیا ، سب کے سامنے ہے۔ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور دھرنوں سے قوم کا وقت برباد کرنیوالے عوام کے احتساب سے بچ نہیں پائینگے۔نیازی صاحب نے جو بویا،2018ء کے انتخابات میں انہیں کاٹنا پڑے گا۔2018ء کے انتخابات میں دودھ کا دوھ، پانی کا پانی ہو جائے گااورقوم کا وقت برباد کرنے اور جھوٹ بولنے والوں کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ہم نے ملک وقوم کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔عوام کی ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام نے ضمنی انتخابات میں سبق سکھایا ہے ۔انہوںنے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں بھی عوام ان عناصر کا محاسبہ کریںگے۔دھرنا گروپ کو ضمنی انتخابات میں شرمندگی اٹھانا پڑی ہے ۔اگر نیازی صاحب اوراس کے حواری ترقی کے عمل میں خلل نہ ڈالتے تو انہیں عوام کی عدالت میں رسوائی نہ اٹھانا پڑتی۔ دن رات جھوٹے الزامات اوربہتان طرازی سے نیازی صاحب کا اصل چہرہ بے نقاب ہواہے اورپاکستان میں تبدیلی لانے کی باتیں کرنیوالوں کواپنے منفی طرز عمل کابھی جائزہ لینا چاہیے۔ شہبازشریف سے وفاقی وزیرنیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے ملاقات کی۔جس میں ہیلتھ پراجیکٹس اوردیگر سیاسی امورپر تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے کہا کہ صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے اقدامات سے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے کلچر میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ شہباز شریف نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کا تحفظ دین اسلام کی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔ اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مسلم لیگ (ن) نے خواتین کے تحفظ، عزت و احترام میں اضافے اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن