یہ ہیں پاکستان کے نمائندے باہر فائدہ دیکھا تو شہریت لے لی ، یہاں موجیں دیکھیںتو وطن کی محبت یاد آگئی : چیف جسٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے نومنتخب سینیٹرز کی دوہری شہریت کے متعلق کیس کی سماعت 10 مارچ کے لئے مقرر کردی۔ سماعت لاہور رجسٹری میں ہو گی۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ یہ ہیں پاکستان کے نمائندے باہرفائدہ دیکھا تو وہاں کی شہریت لے لی یہاں کی موجیں دیکھیں تو وطن کی محبت یاد آگئی۔ تحریک انصاف کے رہنماء اور نومنتخب سینیٹر چوہدری سرور نے عدالت میں بیان حلفی جمع کرایا۔انہوں نے کہا کہ میں 2013ء میں برطانوی شہریت چھوڑ چکا ہوں۔ عدالت نے دوہری شہریت از خود کیس میں خالد خان اور بلال منٹو کو عدالتی معاون مقرر کر دیا۔پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم کی بہن سعدیہ عباسی اور نزہت صادق پانچ پانچ سال دوہری شہریت کے ساتھ پارلیمنٹ کی رکن رہ چکی ہیں۔انہوں نے سینیٹر بننے کے لئے دوہری شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کیا جو کہ اہل امیدواروں کے حقوق سلب کرنے کے مترادف ہیں۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے حقوق کے تحفظ کے لئے بیٹھے ہیں اسی لیے از خود نوٹس لیا۔ دوہری شہریت کا فیصلہ 2012ء میں آیا۔انکی نااہلی تو پھر تب سے شروع ہونی چاہیے۔ نو منتخب سینیٹرزنزہت صادق اور سعدیہ عباسی کے وکیل نے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت جلدی کرلی جائے تاکہ حلف برداری کا مرحلہ مکمل ہو سکے۔چیف جسٹس نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا تو حلف برداری ہوگی۔ بارہ مارچ کو سینٹ چیئرمین کا انتخاب ہے۔ نہیں چاہتے کسی اہل ووٹر کا نوٹیفیکیشن رکا ر ہے۔ دوسری جانب جعلی ادویات کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو جعلی ادویات کے معاملے پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ تکلیف دہ بات ہے کہ جعلی ادویات کے معاملے پر کام نہیں ہوا۔ عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب اور آرپی او بہاولپور راجہ رفعت مختار عدالت میں پیش ہوئے۔ آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ آر پی او بہاولپور پر جعلی ادویات کے معاملے پر اپنے برادر نسبتی کی سپورٹ کا الزام غلط ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میری اطلاعات کے مطابق آر پی او نے اپنے برادر نسبتی کی سپورٹ کی ۔ایک آدمی اگر بیمار ہے۔ بجائے اسے شفا ہو مزید بیمار ہو جاتا ہے۔ لگتا ہے ایسے لوگ طاقتور ہیں۔ ہمارے کہنے پر ایک افسر نے فیکٹری پر چھاپہ مارا نیب نے کل اسے نوٹس جاری کر دیا ہے ججز کے کسی کے ذاتی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا یا اپنے بہن بھائیوں سے تعلق رہتا ہے۔ اللہ سب کو اپنے حقوق کے لیے لڑنے کی جرات دے۔عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو جعلی ادویات پر تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ نے یکساں نظام تعلیم، نصاب اور شہریوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار اور عدالتی معاونین کوروڈ میپ بنانے کی ہدائت کر دی۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ غربت ذہین طلبہ کے راستے کی رکاوٹ نہیں رہنے دیں گے۔ آئین کے آرٹیکل پچیس اے کا اطلاق ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے لاہور رجسٹری میں از خود کیس کی سماعت کی۔ سیکرٹری تعلیم نے عدالت کو پنجاب میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تعلیم سے ہی قومیں بام عروج پر پہنچتی ہیں۔ شہری باشعور ہوں تو انہیں اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہوتا ہے پھر وہ راہ چلتے سڑکوں پر تھوک نہیں پھینکتے۔ تعلیم کی فراہمی میں نجی شعبے کے کردار سے آگاہ ہیں اس معاملے میں نجی شعبے کی حوصلہ شکنی نہیں کریں گے۔ چاہتے ہیں کہ قوم کا ہر بچہ پڑھ لکھ کر اپنے پائوں پر کھڑا ہو تاکہ وہ اپنے خاندان کے لئے فخر کا باعث ہو اور ملکی ترقی اپنا کردار اداکرے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ایچی سن کالج سے پڑھنے والے بچے کو تمام سہولیات میسر ہوں مگر غریب بچہ کتاب بھی نہ خرید سکے۔یہ سیدھی طرح آئین کے آرٹیکل پچیس اے کے اطلاق کا معاملہ ہے جسکا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ ایک کتاب ایک بستہ اور ایک یونیفارم کے لئے روڈ میپ بنایا جائے۔ چیف جسٹس نے چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمشن ڈاکٹر مختار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فوراً کمیٹی کے موجودہ ممبران ابتدائی خاکہ مکمل کر کے دس مارچ کو عدالت میں سفارشات پیش کریں اور اپنی معاونت کے لئے ملک بھر کے پڑھے لکھے اہل ممبران کو کمیٹی میں شامل کریں۔چیف جسٹس نے ڈاکٹر مختار کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں تعلیم کی مفت اور یکساں فراہمی کے حوالے سے روڈ میپ مکمل کر کے کمیٹی اپنی حتمی سفارشات ایک ماہ میں عدالت میں پیش کرے۔ علاوہ ازیں آن لائن کے مطابق مختلف محکموں اور وزارتوں میں دوہری شہریت رکھنے والے 213افسران کیخلاف سپریم کورٹ کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی گئیں۔ ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم 213 افسران کی طرف سے جمع کرائے گئے حلفیہ بیان کی روشنی میں تحقیقات کرے گی کہ ان تمام افسران نے دوسری شہریت سے متعلق اپنے ڈیکلریشن میں ذکر کیا تھا یا نہیں۔