پاکستان میں ویمن کرکٹ کا مستقبل روشن ہے :ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) ٹیسٹ کرکٹر اورپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویمن کرکٹ کا مستقبل روشن ہے اور سکول اور کالج سے ابھرنے والی لڑکیاں کرکٹ کے میدان میں ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عالمی یوم خواتین کے حوالے سے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتما م انٹر کالجیٹ کرکٹ ٹورنامنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹورنامنٹ میں کل چار ٹیموں کنیئرڈ کالج،وویمن ڈگری کالج وحدت روڈ،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزنے حصہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ لڑکیاں کسی بھی میدان میں لڑکوں سے پیچھے نہیں اور تعلیمی اداروں کو وویمن کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا کہ یونیک گروپ کھیل کے حوالے سے لڑکیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتا آیا ہے جس سے نہ صرف طالبات میں اعتماد بڑھا ہے بلکہ ان میں جذبہ مسابقت بھی پروان چڑھا ہے ۔قبل ازیں ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کینرڈ کالج نے وویمن ڈگری کالج وحدت روڈ کو 15 رنز سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ میں کل چار ٹیموں نے شرکت کی جن میں کنیئرڈ کالج اور وویمن ڈگری کالج وحدت روڈ کے علاوہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی ٹیمیں شامل تھیں۔