دینی جماعتوں کے زیراہتمام 1953 ء کی تحریک ختم نبوت کی یاد میں یوم شہدا منایا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تمام مکاتب فکر کی دینی جماعتوں ورلڈ پاسبان ختم نبوت ، جمعیت علمائِ اسلام، جمعیت علمائِ پاکستان،جماعت اسلامی،جماعت الدعوۃ ،جمعیت اہلحدیث، جمعیت اہلسنت،تحریک ملت جعفریہ اور تنظیم علماء و مشائخ اہل سنت نے مارچ 1953ء کی تحریک ختم نبوت میں شہید ہونیوالے 10 ہزار شہداء اور شام میں شہید ہونیوالوں کی یاد میں ملک بھر میں یوم شہدائِ تحفظ ختم نبوت منایا جس کے تحت ملک کے مختلف مقامات پر شہداء کی یاد میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ مساجد میں اجتماعات جمعہ پر علمائِ کرام نے شہدائے ختم نبوت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا ک 53ء کی تحریک تحفظ ختم نبوت نے 10ہزار شہدائِ ختم نبوت نے اپنی قیمتی جانیں قربان کرکے آقاؐ کی ختم نبوت کی لاج رکھی اس پر انہیں جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ۔نیز شہدائِ ختم نبوت کی یاد میں منعقدہ تقاریب میں ناموسِ رسالتؐ و اسلام کے بنیادی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت سمیت تمام فتنوں کے قلع قمع کیلئے شہدائے ختم نبوت کے مشن کیساتھ تجدید عہد بھی کیا گیا ۔علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں شام میں مسلمانوں پر بدترین مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا، مساجد میں علماء خطباء نے احتجاجی قرارداد میں نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں اور آئی سی کے کردار کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔