بہارہ کہو ہاؤ سنگ سکیم کیس نیب کو بھیجنے کا عندیہ
اسلام آباد ( نا مہ نگار ) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے گرینڈ حیات ہوٹل گھپلے کی تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی ہے،کمیٹی نے بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کے کیس کو بھی نیب کو بھیجنے کا عندیہ دے دیاہے،کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ گرینڈ حیات ہوٹل کے معاملے پر سی ڈی اے اپنے طور پر نگرانی کرے جو افسران ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے،کمیٹی کے کنوینئرمیاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ جو قانون کی بڑھکیں مارتے ہیں وہ سب سے زیادہ قانون شکن ہوتے ہیں ۔ جمعہ کوپارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کنوینئر میاں عبدالمنان کی صدارت میں ہوا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ سول ایوی ایشن کی اجازت کے بغیر کیسے این او سی جاری کیا گیا۔ کمیٹی رکن ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چار سالوں سے اس منصوبے کے حوالے سے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کو گرینڈ حیات ہوٹل گھپلے کی تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتہ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔کمیٹی نے بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کے کیس کو بھی نیب کو بھیجنے کا عندیہ دے دیا۔ اگلے اجلاس میں فلیٹ الاٹیوں کی فہرست مہیا کردی جائے گی۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ زرعی مقاصد کیلئے حاصل کی 93 کروڑ روپے کی اراضی پر رہائشی مکانات تعمیر کئے گئے،610 پلاٹوں پر 169 پر زرعی فارم نہیں بنائے گئے اور باقی 339 پلاٹوں پر بھی زرعی فارم نہیں بنائے گئے ، اب یہ کیس عدالت میں ہے۔سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف کا نام بھی شامل ہے، اس پر کاروائی کرنے لگے تو سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد کی صدارت میں کمیٹی بنی تھی۔ اب کیس عدالت میں ہے کمیٹی کنوینئر میاں عبدالمنان نے کہا کہ اس میں ججوں ، جرنیلوں اور بیوروکریسی کے گھر اور پھر انہوں نے شادی ہال بھی بنائے ،لندن میں رہ کر ڈسکو کرنا اور یہاں قبضہ کرتے ہیں۔ہمیں سب سے زیادہ گالیاں دیتا ہے وہ خود کرپشن میں ملوث ہوتا ہے، مشرف نے گھر بنایا اور منصوبہ کسی اور مقصد کیلئے شروع کیا گیا تھا۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کو اسلام آباد میں تمام زرعی فارم کی چیکنگ کی ہدایت کردی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں بنی ہوئی ہیں۔کمیٹی کنوینئر نے کہا کہ جو انصاف ہمارے ساتھ ہو رہا ہے وہ سب کے ساتھ ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آپ قدم بڑھائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔