• news

ٹائون کمیٹی سیہون کے فنڈز میں خورد برد، ملزم الطاف شیخ کو7 سال قید اور جرمانہ

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت کراچی نے ٹائون کمیٹی سیہون کے فنڈز میں خورد بردکے الزام میں ملزم الطاف احمد شیخ کو سات 7 سال قیدبا مشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی، احتساب عدالت کوئٹہ نے ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم سید محسن علی کو پانچ 5 سال قید بامشقت اور 9.273 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق احتساب عدالت کراچی نے ریفرنس نمبر 50/2015 اسٹیٹ VS ممتاز علی میمن ریفرنس میں فیصلہ سناتے ہوئے شریک ملزم الطاف احمد شیخ کو سات 7 سال قیدبا مشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔اس کیس میں ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور ٹائون کمیٹی سہون کے فنڈز میں خور د برد کا الزام ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے رِٹ پیٹیشن نمبر 17/4059 رانا عبدالقیوم ، چیف ایگزیکٹو آفیسرصفا گولڈمال اور دیگر کے کیس میں فیصلہ سنا تے ہوئے ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں مسترد کردیں۔اس کیس میں ملزمان نے ملی بھگت سے سیکٹر F-7 اسلام آباد میں قیمتی پلاٹ کی نیلامی میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ۔ یہ کیس پبلک اکائونٹس کمیٹی کی طرف سے نیب کو بھیجاگیاتھا۔اس کے علاوہ احتساب عدالت کوئٹہ نے ریفرنس نمبر 1/2007 میں فیصلہ سناتے ہوئے ملزم سید محسن علی کو پانچ5 سال قید بامشقت اور 9.273 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔احتساب عدالت کوئٹہ نے شریک ملزم روہی محمد کو تین 3 سال قید با مشقت اور 0.9 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اس کیس میں ملزمان پر جعلی گلشن حسن ہائوسنگ سکیم کے نام پر عوام سے کروڑوں روپے ہتھیانے کا الزام ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن