علاقائی تعاون کے پلیٹ فارم سارک کی بحالی کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے: شاہد خاقان
اسلام آباد (این این آئی+ آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر صوبائی حکومتوںکی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ وہ پاپولیشن کونسل کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ پاپولیشن کونسل کی کنٹری ڈائرکیٹر ڈاکٹر زیبا اے ستار (تمغہ امتیاز) وفد کی قیادت کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر میں معیاری سروسز کی ڈلیوری اور رسائی میں اضافہ کیلئے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ایل کے جیاناتھ سی پریرا نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تمام شعبوں میں دوستانہ تعاون قائم ہے جسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کو سارک فورم کو علاقائی تعاون کیلئے ایک فعال پلیٹ فارم کے طور پر بحال کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے سری لنکا کی قیادت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے مذہبی رسومات کیلئے پاکستان کا سفر کرنے والے بدھ مت کے پیروکاروں کو سہولیات فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔