ٹرمپ نے کم جونگ ان کی مذاکرات کی دعوت قبول کر لی
واشنگٹن (آن لائن)شمالی کوریا نے جوہری ہتھیار ختم کرنے کیلئے امریکہ کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کی ملاقات کی دعوت بھی قبول کرلی ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات مئی میں متوقع ہے۔شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے بھیجا گیا خط جنوبی کوریا کا وفد امریکہ لے کرپہنچا جس میں شمالی کوریا کے رہنما نے صدر ٹرمپ کو ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے جوہری ہتھیار ختم کرنے کے لئے بات چیت کی پیشکش کی ۔ جنوبی کوریائی وفد نے وائٹ ہائوس میں اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات پر آمادگی ظاہرکر دی ہے ، وفد کے مطابق دونوں رہنماؤں میں مئی تک ملاقات متوقع ہے۔اس سے قبل دونوں ممالک میں شدیدتناؤ رہا ، صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کو راکٹ مین کہہ چکے ہیں جبکہ کم جونگ ان نے بھی صدر ٹرمپ کو خبطی بوڑھا قراردیا تھا۔ ادھر ترجمان وائٹ ہائوس سارہ سینڈرزکے مطابق اب تک امریکہ کے کسی بھی صدرکی شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی یہ پہلی ملاقات ہوگی جو بہت اہم تصور کی جارہی ہے۔ چینی صدر شی چن پنگ اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی اور امریکی صدور نے شمالی کوریا کے معاملے پر گفتگو کی چینی صدر شی چن پنگ نے کہا کہ شمالی کوریا کا معاملہ سیاسی طور پر حل کرنے کی صدر ٹرمپ کی خواہش کی قدر کرتے ہیں۔ امید ہے دونوں فریقین بہتری کی طرف جاتی صورتحال کے برخلاف اقدام نہیں اٹھائیں گے۔