بھارت اور فرانس میں دفاع ، ایٹمی تعاون ، ایک دوسرے کے بحری اڈے استعمال کرنے سمیت 14معاہدے
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی) فرانس اور بھارت کے درمیان دفاع اور ایٹمی توانائی سمیت 14 معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ فرانس اور بھارت کے درمیان بحرہند میں تعاون کا معاہدہ بھی طے پا گیا۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے جنگی جہازوں کیلئے اپنے بحری اڈے کھول دیں گے۔ بھارت کو ری یونین جزائر اور جبوتی کے فرنچ فوجی اڈوں تک رسائی ملے گی۔ مشترکہ بحری و فضائی نگرانی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سپائس جیٹ سپلائی، واٹر سسٹم اور گیس کمپنیوں کے درمیان بھی معاہدے طے پاگئے۔ فرانسیسی کمپنی بھارت میں 3 میٹرو فرموں کو پاور سپلائی کرے گی اس سلسلے میں 92 ملین ڈالر کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ بحیرہ جنوبی چین میں چین کے عزائم نے کئی ملکوں کو تشویش میں مبتلا کردیاہے اور وہ اس کی بحرہند میں سرگرمیوں سے تشویش میں اضافہ ہواہے۔ فرانسیسی صدر میکرون نے کہا ہے کہ فرانس یورپ کا دروازہ ہے اور ہم یورپ میں بھارت کے بہترین شراکت دار بننا چاہتے ہیں جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے کہاہے کہ فرانسیسی صدرمیکرون کے دورے سے انڈیا اور فرانس کے درمیان دفاعی شراکت داری کو بڑی تقویت ملے گی۔یہ ان کا 2017ء میں فرانس کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ مودی نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میکرون کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا اور اپنے روایتی انداز میں ان سے بغل گیر ہوئے۔ مودی نے کہا آپ کے دورے سے بھارت اور فرانس کے درمیان دفاعی شراکت داری کو بڑی تقویت ملے گی۔فرانس نے خواہش ظاہر کی ہے کہ بھارت 36 مزید رافیل جنگی جہاز خریدنے کیلئے مذاکرات شروع کرے۔