سینٹ پر قبضے کی کوششوں کیخلاف مزاحمت کرینگے‘ پی پی‘ عمران اور کوئٹہ والوں کے گند کا حصہ بنی تو اکثریت ثابت کرینگے: پرویزرشید
لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مارچ سے پہلے سینٹ کو ختم کرانے کی سازش میں ناکام ہونے والوں کی جانب سے اپنے چیئرمین کے ذریعے سینٹ پر قبضہ کرانے کی کوششوں کی مسلم لیگ(ن) بھرپور مزاحمت کریگی۔اگر پیپلز پارٹی کوئٹہ والوں اور عمران خان کے گند کا حصہ بنے گی تومسلم لیگ (ن) آج اپنے امیدوارکا اعلان کر دیگی اور اکثریت بھی ثابت کریں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ یہ کہانی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پہلے بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو توڑا گیا اور پھر سینٹ کی 6 نشستیں ہائی جیک کی گئیں ۔ یہ نشستیں پہلے کراچی پہنچیں اور قدموں میں ڈالی گئیں ، پھر بنی گالہ سے ایک صاحب چلے اور انہوںنے اپنی نشستیں کوئٹہ والوں کے قدموں پر نچھاور کیں جو پھر کراچی والوں کے قدموںمیں پہنچیں۔ سب نے سنا اس کھیل میں بالواسطہ بے تحاشہ پیسہ استعمال ہوا ۔ ہم نے اس گند کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کیلئے اور سیاست کی عزت و احترام کو قائم رکھنے کیلئے قربانی دی اور باوجود اس کہ ہمارے پاس آج بھی اکثریت ہے ہم نے چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی کے اس شخص کا نام دیا جو تین سال پہلے متفقہ منتخب کیا گیا تھا۔اگر یہ گند نہ رکا تو ہمارے پاس اکثریت ہے اور ہم اسے گن کر بیان کر سکتے ہیں ۔