چیئرمین سینٹ ہمارا ہی ہو گا‘ نوازشریف نے رضا ربانی کا نام لیکر گگلی کرائی: پرویز اشرف
لاہور (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف غیرقانونی بھرتی کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 7 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ ہمارا ہی ہو گا، سیاسی لوگ ہیں تعاون دیتے بھی ہیں لیتے بھی ہیں،رضا ربانی کا نام لیکر نوازشریف کی جانب سے گگلی کرائی گئی، سیاست میں تلخ و شیریں باتیں ہوتی رہتی ہیں، قومی اداروں کو نشانہ بناکر عزت پا نے کی کوشش کرنیوالے غلطی پرہیں۔ ہفتہ کو سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف گیپگو میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی۔ راجہ پرویز اشرف احتساب عدلت میں پیش ہوئے احتساب عدالت کے جج کی رخصت کے باعث ریفرنس کی مزید سماعت بغیر کسی کارروائی کے7 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینٹ ہمارا ہی ہو گا، سیاسی لوگ ہیں تعاون دیتے بھی ہیں لیتے بھی ہیں۔ انہوںنے کہا سیاست میں تلخ و شیریں باتیں ہوتی رہتی ہیں، پیپلز پارٹی جس کو نامزد کرے گی وہی سینٹ کا چیئرمین ہوگا، رضا ربانی ہمارے سینئر رہنما ہیں۔ رضا ربانی پارٹی کی وجہ سے سینٹ کے چیئرمین بنے ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں جو لوگ سمجھتے ہیں کہ قومی اداروں کو نشانہ بناکر عزت پائیں گے وہ غلطی پرہیں۔