مریم مے فیئر فلیٹس کی مالک ہیں،آئندہ الیکشن فیصلہ کن ہوگا:عمران
اسلام آباد( اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2018کا الیکشن پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن الیکشن ہو گا، ایک طرف ہم دوسری جانب کرپٹ مافیا ہے،جلسوں میں جنون قیمہ والے نان بانٹنے سے نہیں آتا، نواز شریف کہتے ہیں کہ نیا پاکستان بنانا ہے،انہیں اس بات کا خیال 20سال کی حکمرانی کے بعد آیا،شہباز شریف سب سے بڑا ڈرامہ ہے،مسلم لیگ(ن) نے سوشل میڈیا فارمولے پر ہمیں فالو کیا، چین نے 70کروڑ لوگوں کو 30سال میں غربت سے نکالا، ہم نے بھی اپنے 10کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے،میرا 21سال کا پاکستان کی سیاست کا تجربہ ہے، ایسا تجربہ کسی بھی سیاستدان کو نہیں۔وہ ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میرا 21سال کا پاکستان کی سیاست کا تجربہ ہے، ایسا تجربہ کسی بھی سیاستدان کو نہیں ہے، میں سوشل میڈیا ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سوشل میڈیا ٹیم میں سرگرم لوگ ہیں۔ کسی کو پتہ نہیں تھا جب تحریک انصاف‘ سوشل میڈیا کا استعمال شروع کیا آج مسلم لیگ(ن) پیسہ لگا کر سوشل میڈیا میں ہمارے برابر آگئی ہے لیکن ہمیں پھر ان سے آگے نکلنا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مریم نواز مے فیئرز فلیٹس کی مالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کی فنانشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی دستاویزسے ثابت ہوگیا، مریم نواز کا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں۔ یہ پیسہ نواز شریف نے چْرایا اور بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کرکے باہر بھجوایا ہے۔عمران نے کہا کہ یہ دستاویزشریفوں کے قطری خطوط، ٹرسٹ ڈیڈ اور کیلبری جیسے تمام جھوٹ بے نقاب کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن، چوری کے پیسے سے خریدی گئی جائیدادیں بچانے کے لیے مریم نوازنے جھوٹ بولے۔