شعیب شیخ پر فرد جرم 17 مارچ کو عائد کی جائیگی
کراچی (آئی این پی) ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کر دی، ملزم پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ ہفتہ کو ایگزیکٹ کے سربراہ شعیب شیخ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تو شعیب شیخ کی عدالت میں عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ شعیب شیخ کی طبیعت خراب ہے، سماعت ملتوی کردی جائے۔ جج نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں میں سپریم کورٹ اورہائیکورٹ کے احکامات نظر انداز کر دوں۔ اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ سٹی کورٹ میں جان کوخطرہ ہے، مقدمہ کسی اورجگہ منتقل کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آئندہ سماعت پر ملزم پر فرد جرم عائد کی جائیگی۔