چیئرمین سینٹ پیپلز پارٹی کا ہی ہو گا: مراد علی شاہ
حیدر آباد/ سکھر (نامہ نگاران) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ سینٹ کا چیئرمین پیپلزپارٹی کا ہی ہو گا اور سینٹ چیئرمین کی نامزدگی کیلئے پی پی پی کی لیڈر شپ ہی حتمی فیصلہ کرے گی وہ میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر رہے تھے۔ سندھ میں پیرا میڈیکل عملے کی جانب سے احتجاج کے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیرا میڈیکل عملے کی جانب سے پروفیشنل الائونس کا مطالبہ کیاگیا ہے اور ہم نے انہیں بتادیاکہ اس سے حکومت سندھ پر 10 ارب روپے کا اضافی بوجھ آ جائے گا اور اس سے دیگر ترقیاتی سکیمیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں لہٰذا پیرا میڈیکل عملے کو دیگر صوبوں کی طرح قانون کے مطابق سہولیات دی جائیں گی۔ نواز شریف کے مستقبل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فی الحال تو نوازشریف نااہل ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے سہون میں اپنے حلقے کے مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کر کے ان کے مسائل سنے اور مختلف مقامات پر جا کر لوگوں سے تعزیتیں بھی کیں۔ حیدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت دیگر صوبوں کے مقابلے میں لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس کی کارکردگی تمام شعبوں میں بہتر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی بی اے سکھر میں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی بی اے سکھر اندرون سندھ معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا رہا ہے۔ کانووکیشن سے صوبائی وزیر جام مہتاب ڈہر‘ آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر نثار احمد صدیقی نے بھی خطاب کیا۔