• news

اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کیخلاف درخواستوںپر سپریم کورٹ کل سماعت کریگی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے نوازش پیرزادہ کی جانب سے ن لیگ کے نومنتخب سینیٹرز اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کیخلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیئے مقرر کردی ہیں۔ بروز پیر 12 مارچ کو کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ واضح رہے دائر درخواست میں دونو ں سینیٹرز کی کا میا بی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، عدالت میں دا ئر کی جانے والی درخواست میں مو قف اپنایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار عدالت سے مفرور ہے اور سینیٹر نہیں بن سکتا جبکہ حافظ عبدالکریم ٹیکنو کریٹ نہیں بزنس مین ہے، ہائیکورٹ کادونوں کوسینٹ الیکشن میں حصہ لینے کافیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ پیپلز پارٹی کے سینٹ کیلئے امیدوار نوازش پیرزادہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ قانون کے تحت مفرور ملزم کا کوئی بنیادی حقوق نہیں ہوتا لاہور ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض ختم کر کے سینٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی اور یہ فیصلہ کر تے وقت لاہور ہائی کورٹ نے حقائق سے صرف نظر کیا۔ دوسری درخواست میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے حافظ عبد الکریم نے کاغذات نامزدگی میں ٹیکنوکریٹ لکھا، ریٹرننگ آفیسر نے ان کے کاغذات مسترد کیے، حافظ عبد الکریم ٹیکنو کریٹ نہیں بزنس مین ہے اور انہوں نے کا غذات نامزدگی جمع کرا تے وقت عدالت سے جھوٹ بولا۔

ای پیپر-دی نیشن