ٹوپی: زیرزمین چھپایاگولہ بارود بڑی تعداد میںبرآمد‘ کراچی‘ سکھر: 2 دہشت گرد گرفتار
ٹوپی + کراچی + سکھر (نامہ نگاران + اے این این) کوٹھا کے علاقے میں زیرتعمیر ویمن یونیورسٹی نیو کیمپس میں کھدائی کے دوران زمین کے اندر چھپایا بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔ کھدائی کا کام جاری تھا کہ اس دوران زمین کے اندر سے پلاسٹک ڈرم نکل آیا جس کے بعد فوری طورپر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا جنہوں نے ڈرم کو کھولا تو اندر سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔ اسلحے میں ایک خودکش جیکٹ‘ 9راکٹ لانچر گولے‘ 10 ہینڈ گرنیڈ‘ 3 عدد پستول‘ 10 ڈیٹونیٹر‘ 6 عدد میگزین‘ 8 عدد پرائما کارڈ اور 2 کلو بارود شامل ہیں۔ پولیس نے اسلحہ اور بارود کو قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ اے این این کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد سے القاعدہ کا مبینہ دہشت گرد حسن مسعود گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں کرائے کے مکان میں چھپایا گیا بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔ برآمد اسلحے میں ایک کلاشنکوف‘ چار رپیٹر اور ایک ماوزر شامل ہے۔ سکھر سے نامہ نگار کے مطابق پولیس کی کارروائی ‘ ایک دہشت گرد گرفتار‘ بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ سکھر ڈسٹرکٹ اور ایکسائز پولیس نے ٹول پلازہ کے قریب مشترکہ کارروائی کرکے مسافر کوچ پر چھاپہ مار کر تلاشی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو بارودی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ ایس ایس پی سکھر امجد شیخ نے بتایا کہ ایکسائز اور ڈسٹرکٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے دہشت گرد کے قبضے سے کیپسول برآمد کئے ہیں جو اس نے جوتوں میں چھپا رکھے تھے۔ کپیسولز سے ایک کلو بارودی مواد ملا ہے۔ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔