افغان سکیورٹی حکام نے پاکستانی مال بردار ٹرکوں کو کابل جانے سے روک دیا
اسلام آباد (این این آئی)افغان سکیورٹی حکام نے پاکستانی مال سے لدے ہوئے ٹرکوں کو کابل جانے سے روک دیا ہے ۔افغان ذرائع نے ’’این این آئی ‘‘ کو بتایا کہ پاکستان نے تقریباً 4 سال بعد افغانستان کے ساتھ غلام خان سرحد تجارت کیلئے تجرباتی طورپر پرسوں9مارچ کو کھول دی تھی اور سیمنٹ سے بھرے چار ٹرک جمعہ کی صبح روانہ کردیئے گئے تھے لیکن افغانستان میں دو کلو میٹر تک سفر کر نے کے بعد انہیں چیک پوسٹ پر روکا گیا اورواپس بھجوا دیا تاہم پاکستانی حکام نے ٹرک ڈرائیور وں کو زیرو پوائنٹ روکنے کی ہدایت کی تاکہ افغان حکام سے رابطہ کر کے مسئلہ کا حل نکالا جائے ۔’’این این آئی‘‘ کو افغا ن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان مسئلے کے حل کیلئے جمعہ اور ہفتہ کو مذاکرات کے تین دور ہوئے تاہم افغان حکام نے ہفتہ کی شام تک ٹرکوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی ۔’خوست کے گور نر اور سویلین حکام پاکستانی ٹرکوں کو آگے جانے کی اجازت دینے کے حامی ہیں لیکن سکیورٹی حکام نے ٹرکوں کو روک رکھا ہے ۔