• news

سعودی عرب برطانیہ سے 48 ٹائیفون طیارے خریدے گا‘ یمن جنگ کے خاتمہ پر اتفاق

لندن(این این آئی‘ اے پی پی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز برطانیہ کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے بعد وطن واپس لوٹ گئے ۔سعودی عرب بر طانیہ سے 48 ٹائیفون طیارے خریدے گا، ےمن جنگ کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا،مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ دونوں ممالک خطے میں ایک دوسرے کے تزویراتی حلیف ہیں۔ صحت، تعلیم، ثقافت، تفریح، تجارت، سرمایہ کاری اورسپیشل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر زور دیاگیا ہے۔ برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی اور سکیورٹی تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ دونوں ملکوں نے عالمی سلامتی کے لیے ایک دوسرے کےساتھ ملک کر کام کرنے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے، انسانی بہبود اور قومی ترقی کے منصوبوں میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانے کی پالیسی پر عمل پیرا رہنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔مشرق وسطیٰ کے دیرینہ اور حل طلب مسائل کے فوری حل بالخصوص تنازعہ فلسطین کے دو ریاستی حل، شام، عراق، لیبیا اور لبنان کے تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیا گیا۔قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برطانوی وزیر دفاع رافیل ولیمسن سے ملاقات کی۔
سعودی عرب‘ برطانیہ

ای پیپر-دی نیشن